پنجگور (ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کیسکو چیف سید یوسف شاہ سے ملاقات کی اور مکران خصوصا پنجگور میں جاری بجلی کے سنگین بحران سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ موسم کی شدت میں کمی کے باوجود پنجگور میں بدستور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں، تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے جبکہ گھریلو نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے نشاندہی کی کہ پنجگور اور تربت کی بجلی کا بڑا انحصار ایران سے درآمد ہونے والی بجلی پر ہے، تاہم معمولی موسمی یا فنی خرابی کی صورت میں ایران سے بجلی کی فراہمی منقطع ہو جاتی ہے جس سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ جاتا ہے۔میر رحمت صالح بلوچ نے کیسکو چیف کو یہ بھی بتایا کہ کیسکو کو فنڈز کی ادائیگی کے باوجود کئی اہم بجلی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں اور ان پر کام کی رفتار نہایت سست ہے، جس سے عوامی مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اس موقع پر کیسکو چیف سید یوسف شاہ نے میر رحمت صالح بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ پنجگور سمیت مکران ڈویژن میں بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں پر کام سست روی کا شکار ہے ان میں تیزی لائی جائے گی اور عوام کی سہولت اور علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بجلی کے بحران میں واضح کمی لائی جا سکے۔
طویل لوڈشیڈنگ نے پنجگور میں کاروبار، تعلیم اور گھریلو نظام مفلوج کر دیا ہے، میر رحمت صالح بلوچ

