پشاور(ڈیلی گرین گوادر) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 11 سال بیت گئے، شہدا کے لواحقین آج بھی کرب و غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔16 دسمبر 2014 کو پشاور میں ملک کی تاریخ کا المناک واقعہ رونما ہوا۔ 6 دہشت گرد دیوار پھلانگ کر آرمی پبلک اسکول میں داخل ہوئے۔جدید اسلحہ سے لیس اور سرکاری اہلکاروں کی وردیوں میں ملبوث دہشت گردوں نے علم کی پیاس بجھانے والے طلبا پر اندھا دھند گولیوں کی بوچھاڑ کی، جس سے معصوم طلبا اور بے گناہ اساتذہ خون میں لت پت ہوگئے۔پھولوں کی خوشبو سے مہکتا اسکول چند ہی لمحوں میں بارود کی بو سے آلودہ ہوگیا،
سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر اے پی ایس کا گھیراؤ کیا اور کالعدم تحریک طالبان کے 6 خودکش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد مار ڈالا۔درندہ صفت دہشت گردوں کے حملے میں 122 معصوم طلبا سمیت 147 افراد شہید ہوئے جب کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں دو افسروں سمیت 9 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔آرمی پبلک اسکول حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث 6 دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا جنہیں ملٹری کورٹس نے موت کی سزائیں سنائی۔سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا جس کے تحت دہشت گردی کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے گئے۔شہدا کے لواحقین جب بھی اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں تو غم سے نڈھال ہوجاتے ہیں تاہم جب قربانی دینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے تو لواحقین کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں۔
سانحہ اے پی ایس میں زخمی ہونے والے احمد نواز کا کہنا ہےکہ واقعے میں اپنا بھائی کھویا اور خود زخمی ہوا، زندگی کا مقصد دہشت گردی کےخلاف آواز اٹھانا ہے۔

