خضدار(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان زرعی تحقیقی و ترقیاتی مرکز (BARDC) کے سیمینار ہال میں آج ڈائریکٹر جنرل (DG) بی اے آر ڈی سی ندیم صادق کی زیر صدارت ایک اہم ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے سائنسدانوں اور نان-سائنٹیفک اسٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا BARDC کی انتہائی قیمتی تحقیقی زمین پر جاری غیر قانونی قبضے کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ یہ زمین گزشتہ ایک سال سے ایک نجی ادارے، اریہ ہسپتال، کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ندیم صادق نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے احکامات اور صوبائی اسمبلی کی قرارداد کے باوجود ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور مقامی انتظامیہ یہ قبضہ ختم کرانے میں تاحال ناکام رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور یہ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ لینڈ مافیا نے BARDC کے نہایت اہم 3000 سے زائد زیتون (Olive) کے تجرباتی پودوں اور ڈرپ اریگیشن سسٹم کو مکمل طور پر تباہ کر کے ملک کو ناقابل تلافی تحقیقی نقصان پہنچایا ہے۔ یہ Exotic Verities (بیرونی اقسام) تھیں جو یورپ اور ایشیائی ممالک سے خصوصی طور پر منگوا کر مثالی باغ (Mother Orchard) تیار کرنے کے ساتھ ساتھ، ان پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے M.Phil اور Ph.D. سکالرز اپنا تحقیقی مطالعہ مکمل کر رہے تھے۔ قبضے کے ذمہ داران پودے اور ڈرپ سسٹم چرا کر لے گئے، جس سے مستقبل کے زرعی تحقیقی عمل اور سکالرز کی تعلیم کو شدید دھچکا لگا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ BARDC کا تمام عملہ اپنی تحقیقی زمین کو بچانے اور قبضے کے خلاف بھرپور عوامی آواز بلند کرنے کے لیے سڑکوں پر آئے گا اور اس مقصد کے لیے ایک تحفظِ اراضی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ مؤثر عوامی مہم چلائی جا سکے۔ یہ کمیٹی بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں، ایمپلائز یونینز، وکلاء تنظیموں، طلباء تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر اس مافیا کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرے گی۔ تحفظِ اراضی کمیٹی کے اراکین درج ذیل ہیں: کنوینر: عبداللہ بلوچ (SSO) اور ممبران: منیر احمد کیتھران (PSO)، شفیق احمد (SSO)، عنایت اللہ میروانی، حاجی غلام فاروق، ظفر اللہ (اکاؤنٹس آفیسر)، محضر الدین جمالی، اور نور صمد (SSO) شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ندیم صادق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ادارے کی ملکیت اور تحقیق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور عوامی سطح کا اقدام اٹھائیں گے اور قبضہ گروپ کو زمین سے بے دخل کرنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بلوچستان زرعی تحقیقی و ترقیاتی مرکز کی انتہائی قیمتی تحقیقی زمین کو انتظامیہ قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہی ہے ` ندیم صادق

ٹیگز:
ندیم صادق
