کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے جنرل کونسلر یونین کونسل 22 وارڈ 03 حاجی محمد صادق مینگل نے کہا ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات عوام کو وہ آواز اور اختیار واپس دلائیں گے جو برسوں سے محرومیوں کی نذر ہوتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد سیاست نہیں بلکہ خدمت ہے، اور میں عوام کے اعتماد کو علاقے کی حقیقی خوشحالی، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تبدیل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وارڈ 03 کے عوام پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، خستہ سڑکوں، صفائی کے نظام اور بنیادی بلدیاتی سہولیات کے شدید فقدان کا شکار ہیں۔ “اگر عوام نے مجھے خدمت کا موقع دیا، تو میں پہلے ہی روز سے عملی اقدامات کے ذریعے ان مسائل کا دیرپا حل نکالوں گا۔” حاجی محمد صادق مینگل نے کہا کہ وہ تمام ترقیاتی کام شفافیت کے ساتھ انجام دیں گے اور کسی بھی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی ایک ایسی جماعت ہے جو بلوچستان کے عوامی حقوق، سماجی انصاف اور برابری کی سیاست کرتی ہے۔ “میں اپنے بزرگوں، نوجوانوں، محنت کشوں اور خواتین کی آواز بن کر ان کے حقوق کی حفاظت کروں گا، اور ہر اس دروازے پر جا کر دستک دوں گا جہاں سے عوام کے مسائل کا حل ممکن ہو۔حاجی محمد صادق مینگل نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ عوام کی امانت ہے اور یہ امانت صرف عوام پر خرچ ہوگی۔ “ہم سڑکوں کی تعمیر، صفائی کے نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پانی کے مسئلے کے حل اور محلے کی مجموعی بہتری کیلئے جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں انہیں ووٹ دے کر ایک ایسے نمائندے کو کامیاب بنائیں جو محض وعدے نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتا ہے۔ “میں آپ کے اعتماد کو خدمت، امانت اور محنت میں بدل کر دکھاؤں گا۔
عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے، حاجی صادق مینگل

ٹیگز:
صادق مینگل
