کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے محکمہ داخلہ میں صوبائی انٹیلی جنس فیوژن و خطرات جانچ مرکز (پفٹیک) کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ جدید مرکز وفاقی و صوبائی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان موثر رابطے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔پفٹیک کے تحت پولیس، لیویز فورس، انسدادِ دہشتگردی محکمہ، فرنٹیئر کور، وفاقی تحقیقاتی ادارہ، خفیہ ادارے، کسٹمز اور دیگر محکمے ایک ہی پلیٹ فارم پر فوری معلومات کے تبادلے اور خطرات کی بروقت نشاندہی کے عمل میں شامل ہوں گے۔ یہ مرکز اسلام آباد میں قائم قومی انٹیلی جنس فیوژن و خطرات جانچ مرکز سے ڈیجیٹل طور پر منسلک ہے، جس سے وفاقی اور صوبائی سطح پر معلومات کا دوطرفہ تبادلہ ممکن ہوگا۔اس نظام کے تحت صوبے کو دہشتگردی، منظم جرائم، فرقہ وارانہ خطرات اور اہم تنصیبات کے تحفظ سے متعلق بروقت اطلاعات میسر آئیں گی۔ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پفٹیک کے قیام سے صوبے کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور اب بلوچستان ایسے خطرات کو بروقت شناخت اور ناکام بنانے کی بہتر صلاحیت حاصل کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سول و عسکری اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے قائم یہ مرکز قومی سلامتی، صوبائی ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے جو بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پفٹیک صوبے بھر کی سیکیورٹی صورتحال کا جامع تجزیہ فراہم کرے گا اور ضلعی و صوبائی سطح پر خطرات کی منظم تشخیص کے ذریعے بروقت اور مثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلی بلوچستان اور کورکمانڈر کا صوبائی انٹیلی جنس فیوژن و خطرات جانچ مرکز کا افتتاح کردیا

ٹیگز:
وزیراعلی
