کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں گوشت کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران ایک دکان کو ناقص اور غیر معیاری گوشت کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سیل جبکہ 16 گوشت فروشوں پر قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کواری روڈ، پشتون آباد اور کاسی روڈ کے علاقوں میں کل 55 بیف، مٹن اور پولٹری شاپس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صفائی کی صورتحال، گوشت کے معیار، درجہ حرارت کے اصولوں پر عملدرآمد اور دکانوں میں موجود اشیا کی حالت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ عوام کو غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد خوراک کے معیار کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور کاروباری حضرات کو قوانین پر عملدرآمد کی ترغیب دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع میں انسپیکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ناقص یا مشکوک خوراک کی اطلاع فوری طور پر اتھارٹی کو دیں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔
کوئٹہ میں ناقص گوشت کی فروخت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، ایک دکان سیل، 16 گوشت فروش جرمانہ

ٹیگز:
کوئٹہ
