کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے رشتے دار دہشت گردی میں ملوث پائے گئے اور اہل خانہ نے پہلے سے ان کی گمشدگی یا کسی مسلح گروہ سے وابستگی کی اطلاع نہ دی تو خاندان کے افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے ایک اعلامیے کے مطابق ایسے رشتے داروں کو جائیداد کی ضبطگی، سرکاری نوکریوں سے برطرفی اور ریاستی مراعات سے محرومی جیسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ یہ انتباہ محکمہ داخلہ کی جانب سے مقامی اخبارات میں اشتہارات شائع کر کے جاری کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص گھر سے لاپتہ ہو جائے یا کسی غیرریاستی یا دہشت گرد گروہ میں شامل ہو تو اس کی اطلاع سات دن کے اندر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ ایف سی یا فوجی یونٹ کو دینا لازمی ہے۔ پہلے سے لاپتہ افراد کے لواحقین کو بھی ایک ہفتے کے اندر دوبارہ معلومات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد کے اہل خانہ، سربراہ یا قانونی سرپرست کو اپنے لاپتہ یا دہشت گرد گروہوں میں شامل ہونے والے رشتہ داروں کے بارے میں علیحدگی اور عاق(قطع تعلق)کرنے کا حلفیہ بیان ایک ہفتے کے اندر لازمی جمع کرانا ہوگا۔ بصورت دیگر انہیں سہولت کار یا اعانت کار قرار دے کر ان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا جائے گا۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ سہولت کار قرار پانے والے خاندانوں کے خلاف جائیداد کی ضبطگی، سرکاری ملازمت سے برطرفی اور ریاست کی طرف سے دی جانے والی مالی و فلاحی مراعات سے محرومی سمیت سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی قانون کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر سخت نگرانی رکھی جاتی ہے، ان کے بینک اکانٹس چیک کیے جاتے ہیں اور انہیں باقاعدگی سے قریبی پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے کی پابندی بھی عائد کی جاتی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق ایسے رشتہ داروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 202، 107، 109، 114، 118، 120 اے اور 120 بی کے تحت کارروائی ہوگی جن میں بعض صورتوں میں سزا اصل مجرم کے برابر دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی دفعات کے تحت بھی جائیداد کی ضبطگی، قید اور جرمانے کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
بلوچستان حکومت کا سخت انتباہ، دہشت گرد رشتہ دار کی اطلاع نہ دینے پر خاندان کے خلاف کارروائی ہوگی

ٹیگز:
بلوچستان
