کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مصروف زرغون روڈ پر لوکل بس ڈرائیورز اور سرکاری گرین بس سروس کے عملے کے درمیان تصادم پیش آیا، جس میں مبینہ طور پر لوکل بس ڈرائیورز نے گرین بس کے ڈرائیور اور عملے پر تشدد کیا اور بس کی چابی نکال کر لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوران مسافروں کو بھی دھمکیاں دی گئیں اور بس کو جلانے کی دھمکی دی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک لوکل بس کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حکام نے کہا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔شہریوں نے واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرین بس سروس کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے۔ حکومت بلوچستان نے بھی نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور گرین بس سروس ہر صورت میں جاری رہے تاکہ عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئٹہ میں سرکاری ٹرانسپورٹ سروس چلانے میں متعدد چیلنجز موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
زرغون روڈ پر لوکل بس ڈرائیورز کا گرین بس عملے پر مبینہ تشدد، بس کی چابی بھی لے لی گئی

ٹیگز:
زرغون
