کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دودھ اور دہی میں ملاوٹ کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوسرے روز بھی بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران جان محمد روڈ، میکانگی روڈ، گوالمنڈی چوک، رئیسانی روڈ، سریاب، فقیر محمد روڈ اور پشتون آباد میں قائم ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔کارروائیوں کے دوران 1620 لیٹر ناقص دودھ، خشک پاڈر کی بھاری مقدار اور پاڈر سے تیار کردہ 350 کلو دہی تلف کیا گیا جبکہ ملاوٹ ثابت ہونے پر 4 ملک سپلائرز اور 12 ملک شاپس مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح 31 مراکز اور 28 دودھ بردار گاڑیوں سے 13893 لیٹر دودھ کے نمونے حاصل کر کے موبائل لیبارٹری کے ذریعے فوری ٹیسٹنگ کی گئی جن میں پانی اور خشک پاڈر کی بھاری مقدار میں ملاوٹ کی تصدیق ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری خوراک بلوچستان منظر جاوید علی نے کہا کہ دودھ اور دہی میں ملاوٹ شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے اور کسی کو عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے اور یہ خصوصی مہم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی دودھ اور ڈیری مصنوعات کے مراکز کی سخت جانچ پڑتال جاری رکھی جائے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ خالص دودھ دہی استعمال کریں، قابل بھروسہ مراکز سے خریداری کریں اور ملاوٹ کی شکایات کی فوری اطلاع اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم، 1620 لیٹر ناقص دودھ اور 350 کلو ملاوٹی دہی تلف، متعدد دکاندار و سپلائرز جرمانہ

ٹیگز:
بلوچستان
