خضدار:لیویز فورس کے اہلکار شاہ جہاں کے خاندان نے گزشتہ روز خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران انصاف کی اپیل کی اور کہا کہ شاہ جہاں صغری بی بی کے مبینہ اغوا کیس میں بے گناہ ہیں۔پریس کانفرنس میں شاہ جہاں کی بہنیں فرزانہ بی بی اور ریحانہ بی بی، والدہ مریم بی بی، اہلیہ نادیہ شاہ جہاں اور خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ خاندان نے بتایا کہ شاہ جہاں ڈائریکٹر قلات زون کے ماتحت اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں اور اغوا کے وقت دفتر میں موجود تھے۔ فرزانہ بی بی نے کہا، “شاہ جہاں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک دفتر میں ڈیوٹی پر تھے، یہ دفتری ریکارڈ، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موجود افراد کے بیانات سے تصدیق کی جا سکتی ہے۔”خاندان نے مزید کہا کہ مغویہ صغری بی بی نے اپنی پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا ویڈیوز میں شاہ جہاں کا نام کہیں نہیں لیا اور نہ ہی ورثا نے کسی نشاندہی کی۔ والدہ مریم بی بی نے کہا، “ہمارا بیٹا ایماندار اور ذمہ دار سرکاری ملازم ہے، اسے بلاوجہ اس کیس میں گھسیٹا گیا ہے۔ ہم صرف انصاف چاہتے ہیں۔”اہلیہ نادیہ شاہ جہاں نے بتایا کہ گرفتاری سے پورا خاندان صدمے میں ہے اور منصفانہ تفتیش کی ضرورت ہے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔ خاندان نے خضدار انتظامیہ، وزیر اعلی بلوچستان، آئی جی پولیس، کمشنر قلات ڈویژن اور ایس ایس پی خضدار سے اپیل کی کہ شاہ جہاں کو انصاف دلایا جائے۔خاندان نے کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر حق حاصل کریں گے اور اگر انصاف نہ ملا تو احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
شاہ جہاں صغریٰ بی بی کے مبینہ اغوا کیس میں بے گناہ ہیں،اہل خانہ کی پریس کانفرنس

