اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلائی جانے کی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے وفد نے کاظم خان کی قیادت میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے ملاقات کی۔اعلامیے کے مطابق اراکین وفد نے اس موقع پر کہا کہ معرکہ حق کے دوران شاندار کارکردگی پر افواج پاکستان خراج تحسین کے حقدار ہیں، معرکہ حق کے تمام مراحل کے دوران آئی ایس پی آر نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی میڈیا کے ہیجان انگیز پروپیگنڈے کے جواب میں بروقت اور معتبر اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے وفد کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق میں فقید المثال فتح پاکستانی قوم، حکومت پاکستان اور عسکری اداروں کی باہمی اور مربوط حکمت عملی کا ثمر ہے۔اس موقع پر اعلامیے کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی ملک کے بارے میں مثبت سوچ پاکستان کے روشن مستقبل کی دلیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارت کی منفی سوچ اور وسائل کار فرما ہیں، پاکستان کی افواج عوام کی تائید سے اس پراکسی جنگ کا قلع قمع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلائی جانے کی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ بلوچستان کے محب وطن اور غیور عوام ان ملک دشمن عناصر اور ان کے بیرونی آقاؤں کی ریشاداونیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر سے CPNE کے وفد کا کاظم خان کی سربراہی میں ملاقات `معرکہ حق کے دوران شاندار کارکردگی پر افواج پاکستان خراج تحسین کے حقدار ہیں ٗ شرکاء

ٹیگز:
آئی ایس پی آر
