کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے جان محمد روڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی لیاقت مکھن تیار کرنے والا کارخانہ پکڑ لیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز ریاض ناصر کی زیر نگرانی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مارا، جہاں معروف برانڈ کے نام پر جعلی مکھن، مضر صحت مارجرین اور غیر معیاری کریم تیار کی جا رہی تھی۔کارخانے سے بھاری مقدار میں ناقص پیکنگ میٹریل، جعلی لیبارٹری رپورٹس، خود ساختہ سرٹیفیکیٹس اور غیر معیاری اجزا برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کارخانے میں صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہ تھا، جب کہ خام مال انتہائی غیر محفوظ انداز میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔اتھارٹی حکام کے مطابق پروڈکشن یونٹ میں کام کرنے والے ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی جعلی نکلے، جب کہ مارکیٹ میں فراہم کردہ مصنوعات کی لیبارٹری رپورٹس بھی خود تیار شدہ تھیں، جو کہ صارفین کی صحت کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے فوری طور پر کارخانے کو سیل کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ موقع پر موجود مکھن کے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کے معیار کی مزید جانچ کی جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا ہے کہ اتھارٹی خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات سرگرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، کیونکہ معیاری خوراک ہر شہری کا حق ہے اور یہی ادارے کا مشن ہے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، جعلی مکھن بنانے والا کارخانہ پکڑا گیا

ٹیگز:
بلوچستان
