اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستانی طلبہ کی 4 رکنی ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بولیویا میں 27 جولائی سے 3 اگست تک منعقد ہونے والی بین الاقوامی اولمپيڈ برائے انفارمیٹکس میں کانسی کے 4 تمغے جیت لیے۔وفاقی تعلیمی بورڈ (ایف بی آئی ایس ای) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محمد انیق، غلام جنید، محمد سارم اور احمد عمران ملک نے پاکستان کے لیے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’86 شریک ممالک میں پاکستان نے 32ویں پوزیشن حاصل کی، جو کہ کئی ٹیکنالوجی میں ترقی یافتہ ممالک جیسے جرمنی، آسٹریا، ترکی، فرانس، اٹلی، نیوزی لینڈ، اسپین، فن لینڈ، نیدرلینڈز، بیلجیم اور سعودی عرب سے بہتر تھی‘۔گزشتہ برس پاکستانی ٹیم نے دو کانسی کے تمغے جیتے تھے اور اس وقت مجموعی درجہ بندی میں پاکستان کا نمبر 46واں تھا۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی ٹیم کی یہ شاندار کارکردگی وفاقی تعلیمی بورڈ کی شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی پالیسی کا مظہر ہے، اور یہ پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور قابلیت کی عکاسی کرتی ہے، یہ ملک میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیٹکس کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے‘۔وفاقی تعلیمی بورڈ نے اس کامیابی پر طلبہ، ان کے خاندانوں، کوچز اور شراکت دار اداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر اور اعزاز کا باعث ہے۔
پاکستانی طلبہ نے بین الاقوامی اولمپيڈ برائے انفارمیٹکس میں 4 میڈل جیت لیے

ٹیگز:
پاکستانی
