کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی علامت ہے۔ نریندر مودی حکومت کا یکطرفہ اقدام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، عالمی اصولوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور صوبے بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے امید ظاہر کی کہ ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
سرفراز بگٹی
