چمن(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان نے افغان مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کے بغیر ویزہ ملک میں داخلے پر باضابطہ پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم اگست سے افغانستان کے ساتھ تمام تجارتی گزرگاہوں، بشمول چمن بارڈر پر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اب ہر افغان ڈرائیور کو پاکستان میں داخل ہونے کے لیے لازمی ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔ تاہم، 31 اگست 2025 تک عارضی داخلہ دستاویزات کے تحت افغان گاڑیوں کو آمد و رفت کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سرحدی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، سیکیورٹی خدشات کے تدارک، اور تجارتی نظام کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزارت تجارت نے پہلے ہی افغان ڈرائیورز کو ویزہ کے حصول کے لیے مہلت دی تھی، تاہم مہلت ختم ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں بغیر ویزہ ڈرائیورز پاکستان میں داخل ہو رہے تھے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ 31 اگست کے بعد بغیر ویزہ داخلے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔تجارتی حلقوں نے فیصلے کو سرحدی سیکیورٹی کے لیے اہم قرار دیا، تاہم حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیورز کو ویزہ کے اجرا میں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ قانونی تجارت میں رکاوٹ نہ آئے۔
پاکستان میں افغان ڈرائیورز کے بغیر ویزہ داخلے پر پابندی، 31 اگست تک عارضی اجازت

ٹیگز:
پاکستان
