جھل مگسی:بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کی تحصیل کوٹ مگسی میں بجیرانی اور مگسی برادری کے درمیان زمین کے پرانے تنازعے پر ہونے والی دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی۔پیر کے روز دونوں گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال جھل مگسی منتقل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ دشمنی 2018 میں زمین کے تنازعے پر شروع ہوئی تھی، جب بجیرانی قبیلے کے چار افراد قتل کر دیے گئے تھے، جس کے بعد سے دونوں قبائل میں کشیدگی برقرار ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ کر کارروائی میں مصروف ہیں۔مقامی عمائدین اور عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دشمنی ختم کرانے میں مثر ثالثی کا کردار ادا کرے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
جھل مگسی، دو قبائل کے مابین مسلح تصادم، 2افراد جاں بحق، 6زخمی

