کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 85 ویں روز بھی جاری رہا ۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات و جرائد کے نمائندگان موجود رہے ۔علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے پر پوری اخباری صنعت میں تشویش پائی جاتی ہے صوبے کی واحد صنعت جس سے ہزاروں افراد منسلک ہیں حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات سے بندش کا اندیشہ موجود ہے ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبے میں دوسری کوئی ایسی صنعت ہی موجود نہیں جو اتنی بڑی تعداد میں افراد کو روزگار فراہم کررہی ہو حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جس سے منفی اثرات مرتب ہوں۔ شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے اخبارات و جرائد حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری ہونیوالے اشتہارات پر انحصار کرتے ہیں اشتہارات کوBPPRA پر منتقل کرنا اخباری صنعت کا معاشی قتل تصور ہوگا ۔ شرکاء نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ صوبے کی واحد صنعت کی سرپرستی کرتے ہوئے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کے ڈرافٹ کو مسترد کریں ۔
اشتہارات کوBPPRA پر منتقل کرنا اخباری صنعت کا معاشی قتل تصور ہوگا ،ایکشن کمیٹی

