کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غیرت مند اور محنت کش عوام کو انسان نہ سمجھنے والوں کے خلاف 25 جولائی کو ہزاروں افراد کے ہمراہ لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ اب برداشت نہیں، ایران اور افغانستان کے بارڈرز کو کاروبار کیلئے فی الفور کھولا جائے، میڈیا اور عدلیہ پر دبا ڈالنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون آباد میں “حق دو پشتون آباد عوامی جلسے” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر کوئٹہ عبدالنعیم رند، سابق سینیٹر عبدالرحیم میرداد خیل، تیمور شاہ پوپلزئی، عطا اللہ پوپلزئی، انجینئر عادل سلیمان خیل، محمد ابو بکر اور اعجاز محبوب نے بھی خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد اور دیگر صوبے بلوچستان کے وسائل سے چل رہے ہیں، مگر یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ صفائی، ٹریفک، سڑکوں کی خستہ حالی، سٹریٹ کرائمز اور روزانہ ہونے والی لوٹ مار نے کوئٹہ شہر کو ناقابل رہائش بنا دیا ہے، جبکہ بے اختیار وزرا اور نمائندے صرف نام کے عہدیدار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں میں موٹروے، جدید سفری منصوبے اور ترقیاتی پراجیکٹس جاری ہیں، لیکن بلوچستان میں چیک پوسٹوں، تھانوں، گولی، آپریشن، اغوا اور مسخ شدہ لاشوں کا راج ہے۔ جماعت اسلامی ان مظالم کے خلاف 25 جولائی کو عوامی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانگ مارچ کرے گی اور اسلام آباد میں بلوچستان کے عوام کا مقدمہ لڑے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ زبان بندی، ناانصافی اور لا قانونیت سے بلوچستان کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اب صرف وہی فارمولہ چلے گا جس میں بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دیے جائیں گے۔
بلوچستان کے عوام کو حق دلانے اسلام آباد جا رہے ہیں، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

