کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محنت کش عبدالرحمن نے اپنی محنت اور حوصلے سے وہ کر دکھایا جو بہت سوں کے لیے خواب ہوتا ہے۔ برف جمانے والے کارخانے میں کام کرنے والے عبدالرحمن نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کر کے 17 گریڈ کے افسر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔35 سالہ عبدالرحمن متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور روزگار کی خاطر برف فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ سخت محنت کے بعد وہ تھکن کے باوجود کتابوں سے ناطہ نہیں توڑتے تھے۔ تین مرتبہ کی ناکامی کے بعد بالآخر انہوں نے نہ صرف امتحان پاس کیا بلکہ محکمہ ثقافت، سیاحت و آرکائیوز میں 17 گریڈ کے فیلڈ آرکیالوجسٹ کے طور پر منتخب ہو گئے۔عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ نہ کوئی سفارش تھی نہ دولت، صرف حوصلہ، دعا اور محنت میری اصل طاقت تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ برف خانے کے فارغ اوقات میں بھی مطالعہ جاری رکھتے تھے کیونکہ ان کے نزدیک تعلیم ہی اصل سرمایہ ہے۔عبدالرحمن کی کامیابی ان تمام نوجوانوں کے لیے حوصلے اور امید کا پیغام ہے جو مایوسی، وسائل کی کمی یا مسلسل ناکامی کو رکاوٹ سمجھ کر ہار مان لیتے ہیں۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ مسلسل محنت اور پختہ ارادہ کسی بھی خواب کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔
کوئٹہ ` برف خانے کا ورکر 17گریڈ کا افسر بن گیا

ٹیگز:
کوئٹہ
