لسبیلہ(ڈیلی گرین گوادر) لسبیلہ میں مون سون بارشوں کے بعد دریائے پورالی میں طغیانی کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے جس کے باعث متاثرہ علاقوں کا بیلہ شہر سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ طغیانی سے ندی نالے بپھر گئے ہیں اور کچے راستے مکمل طور پر بہہ چکے ہیں جبکہ پل کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔متاثرہ علاقوں میں کنر، سنہری، جمن بِھٹ، شعلی بِھٹ اور کلہڑی شامل ہیں جہاں کے مکینوں نے اے بی این نیوز سے رابطہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ علاقے میں اشیائے خورد و نوش، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو اسپتال پہنچانا ناممکن ہو چکا ہے، نہ ایمبولینس آ سکتی ہے اور نہ ہی آمد و رفت کی کوئی سہولت باقی رہ گئی ہے۔ مزید برآں، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی نے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے کہ اگر مزید بارش ہوئی تو دریائے پورالی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، جس سے صورتحال اور بھی بگڑ سکتی ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ریلیف کارروائیاں شروع کی جائیں، زمینی راستوں کو بحال کیا جائے اور ضروری اشیا فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ انسانی جانوں کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔
لسبیلہ،دریائے پورالی میں طغیانی چوتھے روز بھی جاری، متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

