کوئٹہ(یو این اے )شہر میں ہوائی فائرنگ کے دو افسوسناک واقعات نے شہریوں کو غم اور غصے میں مبتلا کر دیا۔ چالو باڑی میں ہوائی فائرنگ کے دوران اندھی گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والی 7 سالہ معصوم بچی کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گئی، جبکہ مری آباد علمدار روڈ پر ایک اور 11 سالہ بچہ اندھی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہو گیا۔چالو باڑی کے واقعے میں زخمی بچی کو پہلے کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم حالت تشویشناک ہونے پر کراچی لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اس افسوسناک سانحے نے علاقے میں فضا سوگوار کر دی، لواحقین شدید غم میں مبتلا ہیں۔دوسری جانب مری آباد کے علاقے گلی بلوچاں میں آج شام ایک 11 سالہ بچہ کھیل کے دوران ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کا نشانہ بن گیا۔ گولی سینے میں لگی، جسے فوری طور پر آپریشن کے ذریعے نکال لیا گیا اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں، سماجی حلقوں، علمائے کرام اور شہریوں نے ان افسوسناک واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے غیرذمہ دارانہ اور مجرمانہ عمل نے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خوشی کے مواقع پر فائرنگ جیسی خطرناک روش سے گریز کریں اور معاشرے کو اس مہلک رجحان سے پاک کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔
کوئٹہ،اندھی گولی لگنے کےدو واقعات، 7سالہ بچی جاں بحق، 11 سالہ بچہ زخمی

