حب(ڈیلی گرین گوادر) حب، وندر، گڈانی اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ضلع بھر میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹے بجلی بند رہنے کے خلاف مشتعل شہریوں نے وندر میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک مکمل طور پر بند کر دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ طویل بجلی بندش کے باعث شہری گرمی اور مچھروں میں راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ گھریلو خواتین، بچے اور بزرگ دوہری اذیت سے دوچار ہیں جبکہ اسپتالوں میں زیر علاج مریض شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ کے الیکٹرک کبھی کیبل فالٹ تو کبھی گریڈ میں کام کے نام پر جان بوجھ کر بجلی بند کرکے عوام کو اذیت میں ڈال رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے۔شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں اطراف چھوٹی بڑی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جس سے مسافر بھی شدید پریشان ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کا فوری خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
حب، وندر، گڈانی میں 18 گھنٹے تک بجلی بند، عوام نے احتجاجاکوئٹہ کراچی شاہراہ بندکر دی

