پشین(یو این اے )پشین میں معروف ڈاکٹر صدیق اللہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف سیاسی جماعتوں اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مشتعل مظاہرین نے مقتول کی لاش ڈی سی کمپلیکس کے سامنے رکھ کر احتجاجی دھرنا دے دیا، جو کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر صدیق اللہ کو گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔ واقعے نے شہر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور مختلف سیاسی، سماجی حلقوں نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ظلم و بربریت قرار دیا ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔دوسری جانب شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مظاہرین کے ساتھ انتظامیہ کی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔
پشین میں ڈاکٹر کے قتل کے خلاف سیاسی جماعتوں اور شہریوں کاشدید احتجاج

