کوئٹہ(یو این اے )ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے اثرات بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید پیٹرول بحران کی صورت میں ظاہر ہونے لگے ہیں۔ پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مطابق ان اضلاع میں 95 فیصد پٹرول پمپ ایرانی پیٹرول پر انحصار کرتے ہیں، تاہم ایران سے پیٹرول کی ترسیل بند ہونے کے باعث چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، لورالائی، دکی اور ہرنائی میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق چمن شہر کے 90 فیصد پٹرول پمپ بند ہو چکے ہیں جبکہ چند کھلے پمپوں پر پیٹرول سرکاری نرخ سے مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی نے کارروائی کرتے ہوئے زائد نرخ پر پیٹرول فروخت کرنے والے 10 پمپ مالکان کو گرفتار کر لیا ہے۔پیٹرول بحران پر قابو پانے کے لیے کوئٹہ میں مختلف کمپنیوں کے ڈپو حکام سے رابطے کیے گئے ہیں، جنہوں نے جلد پاکستانی پیٹرول کی فراہمی شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ ایران-اسرائیل جنگ کے باعث ایران سے غیرقانونی پیٹرول کی ترسیل مکمل طور پر رک چکی ہے جس سے بلوچستان کے شمالی اضلاع میں صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔
پیٹرول بحران ،چمن، پشین، لورالائی سمیت 7 اضلاع میں 95 فیصد پمپ بند

