پنجگور(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ سے پارٹی کارکنوں اور شہریوں نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات سب سے مقدم ہیں اور ان پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کی ہے اور عام لوگوں کی حالت زندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، آج جو عزت و احترام حاصل ہے وہ عوام کی بدولت ہے اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ شوٹنگ بال کے صدر عارف نسیم بلوچ، جنرل سیکرٹری وسیم احمد اور ڈپٹی سیکرٹری کفایت اللہ نے میر رحمت صالح بلوچ سے خصوصی ملاقات کی جس میں علاقے میں شوٹنگ بال کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میر رحمت صالح بلوچ نے اعلان کیا کہ پنجگور میں شوٹنگ بال کا ایک بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس میں نہ صرف پنجگور بلکہ بلوچستان بھر کے کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع ملے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے، اور اسپورٹس کو فروغ دے کر معاشرے میں صحت مند رجحانات کو فروغ دیا جائے گا۔
عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے،رحمت صالح بلوچ

