قلات (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع قلات میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بینچہ کے مقام پر مسافر کوچ اور خضدار سے آنے والی کوسٹر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خواتین و بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ڈرائیور ثنا اللہ ولد حبیب اللہ قوم لہڑی، سکنہ شیخ ماندہ کلی الماس ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ اور پیر بخش ولد امام بخش قوم پندرانی، سکنہ سول کالونی خضدار کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں محمد عرفان، عبدالغفار، محمد یاسین، عتیہ، صدف، نصیب اللہ، عبدالواحد، الیان، زمیرہ، عبدالقدیر، میرعین، فرحان، ثانیہ اور نوید احمد شامل ہیں جن کا تعلق کوئٹہ، خضدار اور مستونگ سے ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر لیویز، پولیس اور ریسکیو 1122 کی مدد سے ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد بعض شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔حادثے کے بعد مسافر گاڑیوں میں سوار مسافروں اور اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غلط اوورٹیکنگ کے باعث پیش آیا تاہم حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کے مثر نظم و نسق اور حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسافر کوچ اور کوسٹر میں ہولناک تصادم ،2 افرادجاں بحق،15زخمی

