اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس اس وقت کشیدگی کا شکار ہو گئی جب صحافیوں نے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔صحافیوں کا موقف تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے بجٹ پیشی سے قبل یا اس کے فوراً بعد تکنیکی بریفنگ نہ دیے جانے سے ٹیکسوں اور دیگر اہم مالیاتی امور رپورٹ کرنے میں شدید دشواری پیش آئی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی بریفنگز صحافیوں کو بجٹ کی تفہیم اور عوام تک درست معلومات پہنچانے کے لیے ناگزیر ہوتی ہیں۔ ٹیکسوں کی بھرمار ٗ ایف بی آر تفصیلات چھپا رہی ہے
پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عائد کیے گئے ٹیکسز سے متعلق اہم تفصیلات سامنے لانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ صحافیوں کے مطابق حکومت کی جانب سے معلومات کے اس فقدان سے شفافیت متاثر ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26 پیش کیا گیا، جس میں اہم شعبوں پر تفصیلی بات کی گئی۔ انرجی ریفارمز اور پنشن سسٹم کی بہتری پر بھرپور توجہ دی گئی ہے، جب کہ ٹیکس ریفارمز کے حوالے سے چیئرمین ایف بی آر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات نہایت اہمیت کی حامل ہیں، اور یہ اقدامات ملکی معیشت کی سمت درست کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ 4 ہزار سے زائد ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے تاکہ برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی اصلاحات گزشتہ 30 برسوں میں پہلی بار کی گئی ہیں، جن کا مقصد صنعتی پیداوار اور عالمی مسابقت میں بہتری لانا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات لا کر ملک کو اقتصادی طور پر آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا ہے۔پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ سپر ٹیکس میں کمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زرعی شعبہ مستحکم ہو۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ کنسٹرکشن سیکٹر پر کافی بات ہو رہی ہے اور کوشش ہے کہ اس شعبے میں ٹرانزیکشن کاسٹ کم کی جائے تاکہ اس کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔زراعت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں سال کھاد اور پیسٹی سائیڈز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز تھی، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر ان اشیاء پر ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کسانوں پر بوجھ نہ پڑے۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ معاشی بحالی کے لیے مربوط اصلاحات ناگزیر ہیں اور حکومت اس سمت میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔
بجٹ 2025 – 2026 ٹیکسوں کی بھرمار ٗ ایف بی آر تفصیلات چھپا رہی ہے

ٹیگز:
بجٹ
