کوئٹہ(یو این اے) صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت صوبائی سیکریٹری جنرل میر سجاد رئیسانی نے کی۔ ملاقات کے دوران نوجوانوں کو درپیش مسائل، تعلیم کے شعبے میں بہتری، اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدور میر عین الدین کرد، عرفان بلوچ، صوبائی جوائنٹ سیکریٹری عزیز مری، مکران ڈویژن کے صدر زبیر زامرانی ڈسٹرکٹ کوئٹہ صدر میر ریاض گرگناڑی، آغا مشتاق تارن، اشرف کرد، عارف محمد شہی، شکیل بلوچ اور دیگر موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، تربیت، اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے ہی نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔راحیلہ حمید درانی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اصلاحات پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے یوتھ ونگ کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی دی گئی تجاویز پر غور کیا جائے گا اور نوجوانوں کے لیے مزید موثر پالیسیز بنانے میں ان کی آرا شامل کی جائیں گی۔وفد نے صوبائی وزیر تعلیم کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
نوجوان ملک کا مستقبل ،ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے،راحیلہ حمید درانی

