کراچی (ڈیلی گرین گوادر) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار سے ٹکرانے پر موٹرسائیکل سوار نوجوان کو بہنوں کی موجودگی میں سرعام تشدد کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم سلمان فاورقی کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف گزری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار بااثر شخص طیش میں آگیا اور موٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہ آیا۔متاثرہ شہری کی بہنیں ڈیفنس میں ہی قریبی سیلون میں کام کرتی ہیں جنہیں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ شہری لینے آتا ہے۔عینی شاہد نے بتایا کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے قریب پیش آیا، نوجوان کی موٹرسائیکل ہلکی سی سیٹھ کی گاڑی سے ٹچ ہوگئی تھی جس پر سیٹھ نے مارا، عینی شاہد نے بتایا کہ لڑکے کا پتا نہیں لڑکی قریبی سیلون میں کام کرتی ہے، عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے سرکاری ملازم ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔سوشل میڈیا پر واقعے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان کی بہنیں ملزم سلمان فاروقی سے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتی اور پاؤں پڑتی رہیں اور موقع پر موجود شہریوں سے مدد طلب کرتی رہیں مگر نہ ملزم کو رحم آیا اور نہ کوئی شہری مدد کو آگے بڑھا۔واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور واقعے کی معلومات حاصل کرنے لگی، جس پر پتا چلا کہ ملزم سلمان فاروقی کوئی سرکاری ملازم نہیں بلکہ بائیونک فلمز کا سی ای او ہے جس کے آفس اور گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور گھریلو ملازم کو حراست میں لے لیا گیا اور دفتر کے باہر سے سلمان فاروقی کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی۔ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی نے بتایا کہ واقعے کے بعد کارروائی کی جارہی ہے، 3 افراد کو حراست میں لیا ہے اور ایک کار تحویل میں لے لی گئی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
کراچی: نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والا ملزم سلمان فاروقی گرفتار

ٹیگز:
سلمان فاروقی
