کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)مشیر برائے بلدیات بلوچستان نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات کی بہتری اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کا کردار آئندہ سال میں نہایت اہم ہو گا اور بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہری و دیہی علاقوں کی متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اسی تناظر میں بجٹ میں نکاسی آب، صفائی، پینے کے صاف پانی، سٹریٹ لائٹس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سڑکوں کی مرمت جیسے منصوبوں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات مقامی حکومتوں کے ساتھ قریبی روابط میں رہ کر ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور شفاف تکمیل کو یقینی بنائے گا تاکہ عوام براہ راست ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں بلدیاتی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز، ڈیجیٹلائزیشن، اور جدید نظامِ نگرانی بھی متعارف کروائے جائیں گے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہو اور وسائل کا درست استعمال ممکن بنایا جا سکے نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور بہتر شہری سہولیات کا پیغام لے کر آئے گا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلدیاتی ترقی کو ترجیح دی جارہی ہے، نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری

ٹیگز:
نوابزادہ امیر حمزہ خان
