کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) قائمقام گورنر بلوچستان کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط رشتہ دیرپا قومی ترقی کی بنیاد ہے اور ہم باہمی تعاون و اعتماد کے ذریعے متوازن تعمیر و ترقی کی نئی راہیں متعین کر سکتے ہیں اور سب کو ساتھ لے جانے کا جذبہ اپنا کر ہم مساوی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اس وقت ہم من حیث القوم کئی چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں لیکن اسکے باوجود اجتماعی دانش اور مشترکہ کوششیں ہمیں روشن اور محفوظ مسقبل کی جانب رہنمائی کرینگی۔ یہ بات انہوں نے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چنگیز جمالی اور ولی خان مندوخیل بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران خطے میں تازہ ترین سیاسی صورتحال، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے مفاد بروئے کار لانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. دونوں رہنماؤں نے صوبوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور خوشگوار بنانے پر اتفاق کیا گیا. اخر میں قائمقام گورنر بلوچستان نے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیا.
قائمقام گورنر بلوچستان کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

ٹیگز:
عبدالخالق
