اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پرول پر رہائی کے لیے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی پے رول پر رہائی کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے، مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو جیل میں خطرہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مودی سینٹرل جیل اڈیالہ کا بھی ڈرون حملے کے لیے اہم ٹارگٹ کے طور پر دیکھ سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تو مودی کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی تھی، سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس طرح کی قید سے بچنے کے لیے آئین میں پرول پر رہائی کی ریمیڈی موجود ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت، حکومت پنجاب، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پرول کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کریں گے، طویل قید سے صحت خراب ہونے کا بھی خطرہ موجود ہے، سیکریٹری داخلہ پنجاب کو اس حوالے سے درخواست دی، مگر کئی کارروائی نہیں ہوئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے جیل میں قید کے دوران پرزن رولز کی خلاف ورزی نہیں کی، لہٰذا استدعا ہے کہ انہیں پرول پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

