کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)متحدہ قبائل فیڈریشن پاکستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی بلوچستان کے عوام ملک کے دفاع کیلئے اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اقوام متحدہ،سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں نہتے فلطسینی عوام کا قتل عام رکوانے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں،پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے عوام اسرائیلی اور بھارت کی مصنوعات کامکمل بائیکاٹ کریں۔یہ بات متحدہ قبائل فیڈریشن پاکستان کے سربراہ و چیف آف قبائل ملک امان اللہ خان کاکڑ، عجب خان کاکڑ اوردیگر نے اتوار کو بھارت اور اسرائیل مردہ باد ریلی کے شرکاء سے پریس کلب کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل متحدہ قبائل فیڈریشن پاکستان کے زیراہتمام ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایک ریلی نکالی گئی جو زرغون روڈ، جناح روڈ، شارع عدالت روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اور بینرز اٹھارکھے تھے بینرز پراسرائیل اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکاء سے ملک امان اللہ خان کاکڑ اور عجب خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ کو بہانہ بناکر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے اور پاکستان پر حملہ کا منصوبہ بنایا ہے جس کی متحدہ قبائل فیڈریشن سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پہلگام میں کسی بھی طرح ملوث نہیں لیکن اسکے باوجود بھارت اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے لیکن ہم بھارت کو بتادینا چاہتے ہیں کہ اگر اس نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تواسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے ملک کے دفاع،سالمیت اور خود مختاری کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جارحیت کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔مقررین نے اسرائیلی کی جانب سے نہتے فلسطینی عوام پر ظلم اوربربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کی بمباری سے ابتک لاکھوں افراد جاں بحق اورزخمی ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کا طرزِعمل بدترین ہو چکا ہے فلسطینیوں کو خوراک، پانی، بجلی اور ادویات سے محروم کرکے اجتماعی سزا دی جا رہی ہے جو کہ جنیوا کنونشن، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ،سلامتی کونسل اورعالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینی عوام کی نسل کشی رکوانے میں اپنا کردارادا کریں۔
پاکستان کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،متحدہ قبائل فیڈریشن

ٹیگز:
متحدہ قبائل فیڈریشن
