لاہور(ڈیلی گرین گوادر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے انتخابات، روزنامہ دنیا کے کاظم خان صدر اور ڈیلی پاک کے غلام نبی چانڈیوسیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔
ایکسپریس گروپ کے ایاز خان سینئر نائب صدر اور روزنامہ غریب کے تنویر شوکت ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔صدر سی پی این ای کاظم خان نے پاکستان کی صحافتی سرحدوں کی سچ اور تصدیق شدہ خبروں کے ذریعے حفاظت کے عزم کا اظہار کیا۔
نو منتخب صدر سی پی این ای نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے ناجائز استعمال کے خلاف مزاحمت کریں گے، حکمرانوں کو توہین اور تنقید کے مابین فرق سمجھنا ہوگا۔کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان نے مزید کہا کہ حکومت کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پر عمل کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب صدر کاظم خان اوردیگر کو مبارکباد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے نو منتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو،ڈپٹی سیکریٹری جنرل تنویر شوکت اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر و کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے لیے بھرپور کام کرے گی اور صحافیوں کے مسائل ان کے حل اور ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کی ترویج کے لیے اپنے کردار کو مزید موثر طور پر ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ معاشرے میں جمہوری روایات اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور صحافی تنظیموں نے ہمیشہ اپنی قلم اور آواز کے ذریعے ملک و معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کی ہے انہوں نے نو منتخب صدر اور کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
نئی کابینہ صحافیوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کرے گی: ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند
ترجمان صوبائی حکومت بلوچستان شاہد رند نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی، ترجمان صوبائی حکومت نے نو منتخب صدر و کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔شاہد رند نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صدر اور نئی منتخب ہونے والی کابینہ صحافیوں کی مجموعی ترقی اور خوشحالی سمیت آزادانہ، منصفانہ اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ صحافی تنظیمیں صحافیوں کی مؤثر اور توانا آواز ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنی آواز اور قلم سے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کی ہے۔

