کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان سنی تحریک بلوچستان بلوچستان کے صدر علی بلوچ کی قیادت میں ہفتہ کو فلسطین پر اسرائیلی بمباری کے خلاف اور فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پراسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علی بلوچ نے کہا کہ اسرائیل نے مظلوم اور بے گناہ فلسطینی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑدیئے ہیں اورروزانہ سینکڑوں افراد کو شہید اورزخمی کیا جارہا ہے لیکن عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردارو ں نے اس پر مکمل خاموشی اختیارکررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اوراسرائیل نے پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور کوئی بھی ملک امریکہ کے فتنہ سے محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی مظالم اور بے گناہ فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے میں اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے مکمل طور پرناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اسرائیلی مظالم رکوانے میں اپناکردارادا کریں۔
کوئٹہ،پاکستان سنی تحریک بلوچستان کے زیراہتمام فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

