کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لک پاس کے قریب خودکش دھماکہ، بمبار ہدف تک پہنچنے سے پہلے پھٹ گیا۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں لک پاس کے قریب خودکش دھماکہ ہوا ہے، خودکش بمبار ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی پھٹ گیا۔ دھماکے کے وقت لک پاس کے قریب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا دھرنا جاری تھا۔پولیس حکام کے مطابق بم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں گذشتہ روز بھی بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق، جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت21 افراد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق دھماکا سڑک کنارے اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق دھماکے سے جائے وقوع پر کھڑی موٹر سائیکل میں آگ لگ گئی، دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

