کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کل 27 مارچ سے پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی۔ پرسوں کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔ 29 مارچ کو عید کے لیے اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوگی۔ عید کے پہلے 3 دنوں کے لیے 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ریلوے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین ریلوے سید مظہر علی شاہ، سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ، آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بولان ایکسپریس اب سے روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی جو پہلے ہفتے میں 2 دن چلتی تھی۔ بلوچستان سے اب 3 کے بجائے 9 مسافر ٹرینیں چلائیں گے۔ ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے مسائل ہیں، ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ 70 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہوگا۔ اگلے مرحلے میں 1 ہزار مزید افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس پر بہت افسوس ہے۔ تمام دنیا نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت کی۔ جعفر ایکسپریس میں مقامی سطح پر سہولتکاری ہوئی۔ معصوم بچے، عورتوں، جوان اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مہارت سے نہتے مسافروں کی زندگی کو محفوظ بنایا، فوجی جوانوں کو سلیوٹ اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دشمن نے فرقہ واریت، لسانیت اور محرومی کو بہانہ بنا کر دہشتگردی کو پروان چڑھایا۔ پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کیساتھ سازش کی جارہی ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ دشمن کو معلوم ہے وہ پاکستان میں داخل نہیں ہو سکتے ہم نیوکلیئر پاور ہیں۔ ہم صوبائیت اور قومیت کے نعروں کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے ہونے کے ناتے پہلی بار لیکن بطور سیاسی کارکن یہاں کئی بار آچکا ہوں۔ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی جو ادا کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو معلوم ہے کہ انہیں شکست نہیں دے سکتے، دشمنوں نے کبھی فرقہ وارانہ تو کبھی قومیت کی بنیاد پر دہشتگردی کی۔ سیکیورٹی اداروں سمیت ریلوے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کمانڈوز اور فوجی جوانوں نے پروفیشنل اور ماہرانہ انداز میں آپریشن میں حصہ لیا۔حنیف عباسی نے کہا کہ اللہ کا خاص کرم ہوا، بہت بڑے نقصان سے بچ گئے۔ ریاست نے ہر سطح پر یہ فیصلہ کیا ہے دہشتگردی کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔ کبھی کسی نے نہیں سنا راولپنڈی میں کسی بلوچ کو مارا گیا ہو۔ جانتے ہیں بلوچ پنجاب یا پنجابیوں کے خلاف نہیں۔ چند عناصر ان کا نام استعمال کرکے دہشتگردی کرتے ہیں۔
بلوچ پنجاب یا پنجابیوں کے خلاف نہیں چند عناصر ان کا نام استعمال کرکے دہشتگردی کرتے ہیں،حنیف عباسی

ٹیگز:
حنیف عباسی
