پشاور(ڈیلی گرین گوادر)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں لنڈیواہ روڈ پر پولیس گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
آئی ای ڈی دھماکا لکی مروت کے لنڈیواہ روڈ پر پولیس کی گاڑی پر ہوا۔پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ حملہ آور کے دوسرے ساتھی کا تعاقب جاری ہے۔دوسری جانب بنوں کے دو تھانوں بکاخیل اور غوری والہ اور ایک چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد وہاں سے فرار ہوگئے۔دہشت گردوں کے حملے پسپا کرنے پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کے جوان دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔

