کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بلوچ خواتین کو خودکش بمبار بنانے کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔ اجلاس میں جعفرایکسپریس دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اسپیکرعبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی سرفراز بگٹی سمیت حکومتی اراکین اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی مشیربرائے کھیل مینا مجید نے بلوچ خواتین کو خودکش بمبار بنانے، دہشت گردی واقعات کے خلاف قرارداد ایوان میں پیش کردی۔مینا مجید نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خواتین خود کش بمبار کا بڑھنا انسانیت کیلئے خطرہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کو مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔
مشیر وزیراعلٰی برائے کھیل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کار فرما ہیں، دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کی نسل کشی کررہی ہیں۔ حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائے۔بلوچستان اسمبلی کا ایوان دہشت گردی کے خلاف یک زبان ہو گیا، بلوچ خواتین کو خودکش بمبار بنانے اور دہشت گردی واقعات کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔

