کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی نے صوبے میں زرعی ٹیکس کے نفاذ اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینداروں پر عائد زرعی ٹیکس کا ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے، کیونکہ طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے باعث زمیندار پہلے ہی شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سبی ڈویژن کے سینئر نائب صدر بشیر خان خجک سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کے اعلان کو کئی ماہ گزر چکے ہیں، لیکن ابھی تک زمینداروں کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ملک نصیر شاہوانی نے خبردار کیا کہ اگر زمینداروں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، اور آئندہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ اس موقع پر بشیر خان خجک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کو زمینداروں کے مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
زمینداروں پر عائد زرعی ٹیکس کا ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے،ملک نصیر احمد شاہوانی

ٹیگز:
ملک نصیر احمد شاہوانی
