کوئٹہ+ اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشر ف نے کہاکہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں کے مابین قریبی رابطے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔جان محمد جمالی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔جان محمد جمالی نے قومی اسمبلی اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے اراکین کے مابین ہم آہنگی میں اضافے کے لیے رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔
٭٭٭٭٭
جان محمد جمالی کی راجہ پرویزاشرف سے ملاقات، سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

ٹیگز:
جان محمد جمالی
