پنجگور (ڈیلی گرین گوادر)پنجگور کے علاقے وشبود سے جبری لاپتہ ہونے والے عاقل بلوچ کے لواحقین نے سی پیک روڈ کو چودا چوک کے مقام پر بلاک کر دیا، جس کے باعث کراچی اور کوئٹہ جانے والی گاڑیوں اور مسافر بسوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج گزشتہ دو دنوں سے جاری ہے، اور مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک عاقل بلوچ کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، دھرنا ختم نہیں ہوگا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد عاقل بلوچ کو اس کے میڈیکل اسٹور سے اغوا کرکے لے گئے، جو پولیس تھانہ وشبود کے قریب واقع ہے، مگر پولیس ایف آئی آر درج کرنے سے بھی گریزاں ہے۔سی پیک روڈ پر احتجاج کے دوران عاقل بلوچ کی والدہ سلمہ بلوچ اور ہمشیرہ آفرین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ان کے بھائی حوالدار باب جان کو گھر کے سامنے سے اغوا کیا گیا تھا، جس کی بازیابی کے لیے کیے گئے سرکاری وعدے پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بے اختیار شخص کی یقین دہانی پر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا، اور روڈ اسی وقت کھلے گا جب عاقل بلوچ اور باب جان کو ان کے حوالے کیا جائے گا۔لواحقین نے مطالبہ کیا کہ اگر عاقل بلوچ پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ غیر قانونی طور پر لاپتہ کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت گرمی میں سڑک پر بیٹھنے کا فیصلہ کسی شوق کے تحت نہیں بلکہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے، اور جب تک ان کے پیارے بازیاب نہیں ہوتے، احتجاج جاری رہے گا۔
پنجگور،لاپتہ عاقل بلوچ کی بازیابی سی پیک روڈ پر احتجاجی دھرنا جاری

ٹیگز:
پنجگور
