سبی(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین ضلع کونسل سردارزادہ میربجارخان ڈومکی نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر میر جہانزیب ساتکزئی اور دیگر سینئر اسٹاف نے ان کا استقبال کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ نے انہیں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا اور تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران سردارزادہ میربجارخان ڈومکی نے طلبہ سے ان کے مسائل دریافت کیے اور 42 مستحق طلبہ کے دو سمسٹرز کی فیس اپنے ذاتی اخراجات سے ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے اور ایک باشعور قوم ہی عالمی چیلنجز کا سامنا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں معیاری تعلیم کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، اور تعلیم یافتہ نوجوان ہی اپنے ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے طلبہ اپنے شہر، صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔دورے کے اختتام پر سردارزادہ میربجارخان ڈومکی نے یونیورسٹی لان میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔
سردارزادہ میربجارخان ڈومکی کا میر چاکر خان رند یونیورسٹی کا دورہ

