لاہور(ڈیلی گرین گوادر) تحفظِ تحریک آئینِ پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں جیتنے والے امیدواروں کو ہرایا گیا، اور جو لوگ عوامی ووٹ کے ذریعے منتخب ہوئے تھے، ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آج شہباز شریف جس نشست پر براجمان ہیں، وہ کسی اور کا حق ہے۔وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے، جہاں تمام اکائیوں کو برابری کی سطح پر حقوق ملنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہاں کوئی کسی کا آقا نہیں اور نہ ہی کوئی کسی کا غلام ہے۔ ہمارے بزرگوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں ‘ون مین، ون ووٹ’ کا اصول ہونا چاہیے اور پاکستان کو فیڈریشن کی طرز پر چلایا جانا چاہیے، تاکہ تمام قومیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔”انہوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “دفعہ 144 لگا کر ہمارے بچوں پر ظلم کیا گیا، لیکن ہم نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے خلاف نعرے نہیں لگائے۔” محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج ملک کی فوج ہے، لیکن عملی طور پر یہ صرف چار اضلاع کی فوج بن چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے ہر ادارے میں تمام اکائیوں کو مساوی حصہ دیا جائے، تاکہ قومی وحدت کو فروغ مل سکے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں، جہاں آئین کی مکمل حکمرانی ہو اور عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔ “انتخابات میں جیتے ہوئے لوگوں کو ہرایا گیا، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔” انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ “کہا گیا تھا کہ ہماری بات ہو گئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیں دو تہائی اکثریت دلوائے گی۔”محمود خان اچکزئی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں طاقت کے مراکز کو سوویت یونین کے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے۔ “کے جی بی کے تجربات سوویت یونین میں ناکام ہو چکے ہیں، آپ انہیں یہاں نہ دہرائیں۔ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو حقِ حکمرانی میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور پشتون قوم کو مساوی طور پر حصہ دینا ہوگا۔”انہوں نے کہا کہ اگر کسی گھر میں اتفاق نہیں ہوگا، تو وہاں لڑائی ناگزیر ہے، اور یہی اصول ملک پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ “ہم سب کو مل کر ملک کی بقا اور استحکام کے لیے ایک منصفانہ نظام قائم کرنا ہوگا، جہاں تمام اکائیوں کو ان کے آئینی حقوق دیے جائیں۔
الیکشن میں جیتے ہوئے لوگوں کو ہرایا گیا آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں،محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
