حب(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹیو بلوچستان میر علی حسن زہری نے سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر پیپلز پارٹی کے حقیقی جیالوں کے حوصلے پست کرنے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے قائد صدر مملکت جناب آصف علی زرداری کی رہنمائی میں عوام کے حقوق کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ اپنے ایک بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ مخالفین ہمیشہ سازشوں میں مصروف رہتے ہیں، لیکن عوامی حمایت سے ان کے تمام عزائم ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ “میرا اپنا آفیشل میڈیا سیل ہے جہاں سے میرے بیانات جاری کیے جاتے ہیں، باقی سب مخالفین کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔”وزیر زراعت بلوچستان نے مزید کہا کہ ان کے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور اس طرح کی بے بنیاد خبروں اور جھوٹے الزامات کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، مگر عوام باشعور ہیں اور حقیقت سے بخوبی واقف ہیں۔ “میرے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، وہ ہمیشہ میری ذات پر حملے کرتے ہیں لیکن میں اپنی عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔” انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ انہیں عوام کی خدمت کے لیے چنا گیا ہے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں نبھاتے رہیں گے۔ “میری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ جو لوگ میرے خلاف بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ عوام ان کے جھوٹے دعووں پر یقین نہیں کریں گے میر علی حسن زہری نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی میدان میں عوام کی خدمت کر کے اپنی جگہ بنائیں، منفی سیاست اور جھوٹے الزامات کے ذریعے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وہ پارٹی قیادت کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی من گھڑت خبروں کی تصدیق کیے بغیر انہیں آگے نہ بڑھائیں۔ “میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرے نام سے جو جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، وہ محض میرے خلاف سازش ہے، جنہیں عوامی حمایت سے ناکام بنا دیں گے۔
بعض عناصر پیپلز پارٹی کے حقیقی جیالوں کے حوصلے پست کرنے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،میر علی حسن زہری
ٹیگز:
میر علی حسن زہری
