روالپنڈی(آئی ایس پی آر) بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے یکم فروری کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مٹی کے 18 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب، سہولت کار، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کا مقصد بلوچستان کے معصوم عوام کو نقصان پہنچانا اور صوبے کے پر امن ماحول کو خراب کرنا تھا، جس میں وہ ناکام ہوئے۔

