کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی سے جمعرات کو انکے چیمبر میں ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسپیکر نے کوئٹہ میں ان کی بطور قونصل جنرل خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے دورِ تعیناتی کے دوران فراہم کی گئی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کا قریبی ہمسایہ اور دیرینہ دوست ملک ہے، جس کے ساتھ تعلقات مثالی اور برادرانہ ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تعلقات ہمیشہ مضبوط اور پائیدار رہیں گے۔ حسن درویش وند نے بلوچستان میں قیام کے دوران عوام اور حکومت کی طرف سے دی گئی مہمان نوازی کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ ایران کے ساتھ تعاون کا مظاہرہ کیا، جس سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ خاص طور پر بلوچستان اور ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے درمیان سرحدی تجارت، ثقافتی تبادلے، اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اسپیکر نے کہا کہ بلوچستان ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ حسن درویش وند نے پاکستان اور ایران کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تعلقات ہمیشہ مضبوط اور پائیدار رہیں گے،عبدالخالق اچکزئی

ٹیگز:
عبدالخالق اچکزئی
