تربت(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت مند روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ 19.50 ارب روپے لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی ابتدائی 5 ارب روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے اور تعمیراتی کام ایف ڈبلیو او کی معیاری خدمات کے ذریعے مکمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے تاکید کی کہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو منصوبے کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ تین سال کی بجائے دو سال میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے بلوچستان میں نوجوانوں کی تعلیم پر بھی زور دیا اور اعلان کیا کہ صوبے کے طلبا کو 100 یونیورسٹیوں میں مفت پی ایچ ڈی کروائی جائے گی۔ مزید برآں، تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کے لیے اگلے سالوں کی تعلیم بھی حکومت مفت فراہم کرے گی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری انرجی میر اصغر رند نے تربت کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سڑکوں کی خستہ حالی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں یہ مسائل جلد حل ہوں گے پارلیمانی سیکرٹری محکمہ فشریز برکت رند نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مند اور تمپ کے عوام کو ایک دیرینہ مسئلے کا حل مل گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے تمپ کو ضلع کا درجہ دینے اور ایک نیا کراسنگ پوائنٹ کھولنے کی درخواست بھی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر یوتھ افیئر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ آج مند کے عوام کے لیے خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام تخریب کاروں کے خلاف کھڑے ہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کی مذمت کریں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ مند و تمپ کے عوام کے لیے یہ منصوبہ کسی نعمت سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مکران میں سڑکوں کا جال بچھانے کے لیے پرعزم ہے اور تمام جاری منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان، کمشنر مکران ڈویژن داؤد خان خلجی، ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم، ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلیٰ بلوچستان
