کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئر مین سید صالح آغا نے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے کوئٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ کو نان فیز ایبل ایریا قرار دینا، بلوچ علاقہ کہہ کر لسانی تعصب کو ہوا دینا اور پیڑی کے ساتھ ایک گندی جگہ کہنا جیسے الفاظ کا استعمال کرنا صنعت کاروں کی تذلیل ہے، سرمایہ کاری کے تحفظ کے لئے ہم ہر فورم پر رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ متعصب اقدامات کا آہنی ہاتھوں سے مقابلہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں عبدالواحد بڑیچ، ناصر آغا سمیت دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس میں موجود افراد کوئٹہ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ مشرقی بائی پاس کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کو اپنی ذاتی زمینوں پر منتقل کرنا چاہتے ہیں یا پھر اس منصوبے کو بوستان کی طرح متنازعہ اراضی پر لیکر جاناچاہتے ہیں جس کی واضح مثال بوستان کے انڈسٹریل اسٹیٹ کا 1ہزار کے بجائے 200ایکڑ پر محدو د ہونا موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ انڈسٹریز ایسوسی ایشن اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی ان تھک کوششوں سے 2013میں بلوچستان کے لئے ایکسپو سینٹر کا منصوبہ لایاگیا مھر زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جانب سے کوئٹہ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ مشرقی بائی پاس میں ایکسپو سینٹر کے لئے مفت زمین فراہم کی گئی لیکن جب منصوبے پر کام شروع ہوا تو کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے مفاد پرست عناصر جنکا صنعت کاری سے کوئی تعلق نہیں ہے ایکسپو سینٹر کی زمین کو غیر محفوظ، خطرناک اور نو گو ایریا قرار دیکر مقامی صنعت کاروں کا استحصال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس کو یرغمال بنایا گیا ہے جو بلوچستان کی واحد فنگشنل انڈسٹیل اسٹیٹ کے خلاف گمراہ کن بیانات جاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے غیر ذمہ دارنہ بیانات وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیرتجارت اور کوئٹہ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کی مشترکہ کاوشوں پر پانی پھیرنے اور سرمایہ کاروں کو غلط پیغام دینے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اپنا بیان واپس لے اور کوئٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی اہمیت کو تسلیم کر ے ہم کسی بھی ایسے اقدام کو برداشت نہیں کریں گے جو ذاتی مفادات، لسانی تعصب اور بلوچستان و انڈسٹریلسٹ کے مفادات کے خلاف ہو اور اپنے حقوق کے دفاع کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر تجارت جام کمال خان صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری بذات خود کوئٹہ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے دفتر اور کوئٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کر یں اور معاملات کا جائزہ لیں۔
چیمبر آف کامرس اپنا بیان واپس لے اور کوئٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی اہمیت کو تسلیم کر ے،سید صالح آغا

ٹیگز:
سید صالح آغا
