اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت سینٹرل جیل اڈیالہ میں کی۔اس موقع پر عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشری بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔
وکیل صفائی فیصل چوہدری نے عدالت کو آگاہ کیا اسلام اباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پہلے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسلام اباد ہائی کورٹ سے اس حوالے سے ابھی کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں ان کے 342 کے بیان ریکارڈ کیے جائیں، جس پر وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ 79 سوالات پر مشتمل سوال نامہ ہے اس کے لیے وقت درکار ہے، 342 کے بیان کے لیے 14 دن کا وقت دیا جائے۔بعد ازاں، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 8 نومبر کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا گیا تھا۔احتساب عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا تھا، جسمیں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق 79 سوالات پوچھے گئے ہیں۔سوال نامہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی موجودگی میں ان کے وکیل سلمان صفدر نے وصول کیا تھا۔

